اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو سیلابی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے سلسلے میں تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے متاثرہ سکھ برادری اور رہنماؤں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کروائی کہ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ:

“اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے، پاکستان اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔”

انہوں نے خصوصی طور پر اعلان کیا کہ دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی جوانوں اور سول اداروں کی بروقت اور مربوط حکمت عملی کو سراہا جس سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔

انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا بھی جائزہ لیا اور عوام کی خدمت میں مصروف فوجی جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقامی سکھ کمیونٹی نے آرمی چیف کا پرجوش خیر مقدم کیا اور اس مشکل گھڑی میں فوج اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ یاتریوں اور مقامی برادری کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔