نیویارک: ٹرمپ اور مسلم رہنماؤں کی ملاقات، غزہ اور امن کے قیام پر مشترکہ اعلامیہ
اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں شرکا نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں دیرپا امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا، غزہ کے لیے عالمی امداد اور فلسطینی قیادت کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مسلم اور عرب رہنماؤں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ کی تعمیر نو کے جامع منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایک اہم اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں مشترکہ اعلامیے کو عملی جامہ پہنانے پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ فلسطین، کشمیر اور دیگر اہم ایشوز پر بات کریں گے۔ انہوں نے معرکۂ حق کو پاکستان کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے ہندوستان کو شکست فاش دی اور بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایا کہ جنگیں کس طرح لڑی جاتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، دونوں ممالک تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آئندہ ہفتوں میں مزید گرمجوشی دیکھنے کو ملے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور مسلم رہنماؤں کی ملاقات میں غزہ میں سیزفائر سے متعلق اہم تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات میں روز بروز بہتری آ رہی ہے اور پاک امریکہ برادرانہ تعلقات کو تجارت، جوائنٹ وینچر اور دیگر شعبوں میں وسعت دی جائے گی۔
وزیراعظم کے مطابق، صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے باہمی تعلقات بہتر بنانے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس آج منعقد ہوگا، جہاں پاکستان کی نمائندگی ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔