ناروے کپ 2025: پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم بین الاقوامی میدان میں اترنے کو تیار
اسلام آباد، جون 2025 —
دنیا کا سب سے بڑا یوتھ فٹبال ایونٹ ناروے کپ 2025 رواں سال 26 جولائی سے 2 اگست تک ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں 30 سے زائد ممالک کی 2,000 سے زیادہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان کی نمائندگی اس بار بھی مسلم ہینڈز ایف سی کے نام سے کھیلنے والی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کرے گی، جو عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا چکی ہے۔
یہ ٹیم پاکستان کے محروم اور اسٹریٹ بچوں پر مشتمل ہے، جو مسلم ہینڈز کے معروف ‘میدان’ پروگرام کے تحت فٹبال کی باقاعدہ تربیت حاصل کرتے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نہ صرف کھیل کے ذریعے بچوں کی شخصیت سازی اور تعلیم کو فروغ دینا ہے بلکہ ان کے لیے ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔
پاکستانی ٹیم نے گزشتہ برسوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جن میں 2023 میں چاندی کا تمغہ اور 2024 میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنا شامل ہے۔ اس وقت ٹیم اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے تاکہ ناروے کپ میں ایک بار پھر پاکستان کا پرچم سربلند کر سکے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ ٹیم وزیراعظم یوتھ پروگرام اور مسلم ہینڈز کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے، جس کے تحت ملک بھر سے نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے لیے مختلف شہروں میں ٹریننگ کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ان کیمپس کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے فائنل اسکواڈ تشکیل دیا گیا، جس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مسلم ہینڈز کا ‘میدان’ پروگرام بچوں کو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:
نام: Ahmed Rafeh
ای میل: [email protected]
فون: 03357708984