
اردو ٹریبون ویب ڈیسک (اسرائیل حایوم ۔ اسرائیلی میڈیا) پاکستانی صحافیوں اور محققین پر مشتمل ایک 10 رکنی وفد نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا، جس پر ملک میں شدید بحث جاری ہے۔ اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم کے مطابق، وفد نے تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں مختلف اہم مقامات کا دورہ کیا، جن میں مسجد الاقصیٰ اور ہولوکاسٹ میوزیم شامل تھے۔
یہ دورہ اسرائیلی غیر سرکاری تنظیم “شراکہ” کے تعاون سے ترتیب دیا گیا، جو اسرائیل اور مسلم دنیا کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ وفد کے اراکین نے اس موقع پر اسرائیل اور فلسطین کے تنازع پر دو ریاستی حل کی حمایت کا اظہار کیا اور مستقبل میں پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کو معمول پر لانے کے امکانات پر بات کی۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے اس دورے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی سرکاری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ترجمان کے مطابق، حکومت اس معاملے پر مزید معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی وفود نے اسرائیل کا دورہ کیا ہو، تاہم اس طرح کے دورے اکثر متنازع رہتے ہیں اور عوامی و سیاسی حلقوں میں شدید ردِ عمل کا باعث بنتے ہیں۔