آسٹریا: امام بارگاہ العصر اسلامک سنٹر ویانا کے زیر اہتمام 10 محرم الحرام کے دن تاسوعائے حسینی (ع) کے موقع پر مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔
العصر اسلامک سنٹر ویانا میں بڑی تعداد میں مومنین اورمومنات کی شرکت
رپورٹ محمد عامر صدیق۔
ویانا ( اردو ٹریبیون) 10 محرم الحرام نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں آسٹریا بھر میں مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اسی سلسلے میں عزاداروں کی جانب سے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی بھی کی جا رہی ہے، امام بارگاہ العصر اسلامک سنٹر ویانا کے زیر اہتمام 10 محرم الحرام کے سلسلے میں تاسوعائے حسینی (ع) کے موقع پر بروز منگل 16 جولائی 2024 کو مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔
پورے یورپ میں عشرہ محرم الحرام کے آغاز سے ہی مجالس کے سلسلے جاری و ساری ہیں۔ امام بارگاہ العصر اسلامک سنٹر ویانا میں بڑی تعداد میں مومنین اورمومنات نے شرکت کی۔ عزادران سید الشہدا سبھی ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے نظر ائے۔ ہر طرف سیاہ پرچم لگے ہوئے ہیں اور ہر جگہ علم ابوالفضل العباس(ع) بلند ہے اور عزاداروں اور سوگواروں کی آہ و بکا کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ اس موقع پر خصوصی طور پر ساتھیوں کے ساتھ نوحہ خوانی کی سعادت حسن ذاکر کو حاصل ہوئی۔
مجلس عزاء سے مولانا سید تسلیم حسین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے مصائب اہلبیتؑ بیان کیے، واقعہ کربلا کی اہمیت اور اہلبیتؑ کی قربانیوں کا مقصد بیان کیا۔ انہوں نے شہداء کربلا بیان کی اور اہلبیت کی شان میں فضایل و مصائب بیان کیے۔ مجلس عزاء کے اختتام پر عزا داری کی گئی اور حاضرین میں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا ۔