آرمینیا نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کردیا
آرمینیا نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق آرمینیا کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آرمینیا غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اقوامِ متحدہ کی قرارداد کی حمایت کرتا ہے اور وہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے تنازع کا دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے آرمینیا کے اس اعلان پر اس کے سفیر کو سرزنش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے آرمینیا کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا۔
اسرائیل اور حماس کا حالیہ تنازع سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔