
اردو ٹریبون ( رپورٹ: محمد عامر صدیق ویانا آسٹریا) ویانا میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں پاکستان کے سفارت خانے اور مستقل مشن نے پاکستان کے قومی دن کی یاد میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں ویانا میں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے اعلیٰ عہدے داروں، سفارتی کور کے ارکان اور آسٹریا میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا اغاز آسٹریا اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔
آسٹریا کی وفاقی وزارت برائے یورپی اور بین الاقوامی امور کے چیف آف پروٹوکول(میکسیملین ہیننگ) نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے ریمارکس میں چیف آف پروٹوکول (میکسیملین ہیننگ) نے پاکستانی عوام کو مبارکباد دی اور آسٹریا اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور تعمیری تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے خطاب میں آسٹریا میں پاکستان کے سفیر محمد کامران اختر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور یوم پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بے پناہ صلاحیت اور ایشیا اور یورپ کے درمیان رابطے کے مرکز کے طور پر اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آسٹریا اور سلوواکیہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، ثقافت اور سائنس کے وسیع شعبوں پر محیط ہے۔ انہوں نے ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے سائنس اور ٹیکنالوجی، سیاحت اور توانائی جیسے شعبوں میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
بھارت کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت دیرینہ تنازعات کے جلد اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے پاکستان کی ثابت قدمی اور ویانا میں مقیم اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ اس کی فعال مصروفیت پر مزید زور دیا۔ سماجی و اقتصادی ترقی اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے،انہوں نے کہا پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور ایک مستحکم، جامع اور منصفانہ عالمی نظم کا خواہاں ہے۔ پاکستان ان مقاصد کے حصول کے لیے عالمی برادری کے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہے، پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ بین ریاستی تعلقات کی قیمت پر بالادستی کے عزائم یا ملکی سیاسی مفادات کے حصول کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور آسٹرین کھانوں سے کی گئی۔