
اردو ٹریبون (محمد عامر صدیق ویانا آسٹریا) 23 اپریل 2025 کو پاک آسٹریا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک ورچوئل میٹنگ منعقد ہوئی۔ ویانا میں سفیر پاکستان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی، جس میں وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری ناصر حامد، ایڈیشنل سیکرٹری، وزارتِ تجارت، محمد ایوب، ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت خارجہ کے سینئر افسران، ای ایس آئی ایف سی کے سینئر افسران اور وزارت خارجہ کے افسران شامل تھے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت سمندر پار پاکستانی بھی شامل تھے۔
آسٹریا کے وفد کی قیادت وفاقی وزارت برائے محنت و اقتصادیات کی ڈائریکٹوریٹ فارن اکنامک ریلیشنز کی سربراہ محترمہ الزبتھ ویسن بوک نے کی۔ ان کے ہمراہ آسٹریا کی وزارت خزانہ، فیڈرل اکنامک چیمبر، آسٹرین بزنس ایجنسی سمیت متعدد محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دونوں فریقوں نے 2023 کے مقابلے میں 2024 میں پاک-آسٹریا دوطرفہ تجارت میں 31.5 فیصد اضافے کو نوٹ کیا۔ دونوں فریقوں نے غیر روایتی مصنوعات اور خدمات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع کی نشاندہی کی۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے مخصوص مواقع کی نشاندہی کی اور مخصوص شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے کثیر الجہتی فنانسنگ میکانزم کے استعمال کے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں فریقوں نے خاص طور پر آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، لائف سائنسز اور متعلقہ شعبوں میں مزدوروں کی نقل و حرکت کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ 2024 میں آسٹریا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت آسٹریا میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی پیشہ ور افراد کو 84 ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ جاری کیے تھے۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔