
یورپین ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹ نے ایک مشترکہ اعلامیے میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت گزشتہ دو برسوں سے مختلف اخبارات کو نشانہ بنا رہی ہے، جن میں جموں کشمیر ڈیلی، نامہ کوٹلیانز، اور اسٹیٹ ویوز شامل ہیں۔ ان پر پابندیاں لگانا، اشتہارات بند کرنا اور قانونی کارروائیاں کرنا، صحافیوں کا معاشی قتل اور آزادیِ اظہار پر حملہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی پابندیاں نہ صرف آزادی صحافت کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ یہ عالمی صحافتی اصولوں اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی بھی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزادی صحافت کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔
تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر آزاد کشمیر حکومت نے ان انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ کیا، تو یورپ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ یورپین ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس گلوبل نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔