
ہر سال کی طرح فروگ موبائل اور ڈائریکٹر ابراہیم فیض کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں ایتھنز کے مقامی ہال میں عید ملن پارٹی کا شاندار اہتمام کیا گیا جس میں تمام پاکستانیوں نے مل کر خوب رنگ جمائے۔
اس محفل کا مقصد کمیونٹی کے افراد میں آپسی محبت، بھائی چارے اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔
اس عید ملن پارٹی میں یونان میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور فیملیز نے بلاتفریق کثیر تعداد میں بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ یونانیوں نے بھی شرکت کی۔
علاوہ ازیں پارٹی میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور خوب داد دی۔
خواتین کے درمیان مہندی کے مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا جبکہ نوجوانوں کے لیے روایتی لڈو اور گول گپے کھانے کا مقابلہ بھی ہوا جس میں جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔
اس شاندار تقریب میں صحافیوں اور فنکاروں کو ان کی بےلوث خدمات کے عوض شیلڈز پیش کی گئیں۔
مقررین نے اس خوبصورت محفل کے انعقاد پر ڈائریکٹر ابراہیم فیض کو شاندار عید ملن پارٹی منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے ثقافتی پروگرامز نسل نو میں ہماری روایات اور ثقافت کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یونان میں مقیم ہر خاص و عام کو بلا تفریق عید ملن پارٹی کی دعوتِ عام دیتے ہیں۔
ابراہیم فیض نے تقریب میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں آپ سب کی معاونت اور محبت شامل ہے۔
آخر میں، شرکاء کی تواضع مزیدار روایتی پاکستانی پکوانوں سے کی گئی جسے سب نے خوب پسند کیا۔