
اردو ٹریبون – اوسلو (عقیل قادر) پاکستان کے 85ویں یومِ پاکستان کی مناسبت سے سفارتخانہ پاکستان، اوسلو میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز قاری محمود الحسن چشتی کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ رمضان المبارک کے باعث تقریب کو انتہائی سادگی سے منایا گیا۔
سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے پرچم کشائی کی، جبکہ تقریب میں سفارتخانے کے عملے سمیت پاکستانی برادری کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ صدرِ پاکستان کا پیغام سفیر سعدیہ الطاف قاضی، وزیر اعظم کا پیغام ویلفیئر اتاشی آصف حمید، جبکہ ڈپٹی وزیر اعظم کا پیغام ہیڈ آف چانسری ڈاکٹر رابیل مصطفی نے پیش کیا۔ ان پیغامات میں پاکستان کے قیام کی جدوجہد، اس کے موجودہ چیلنجز اور روشن مستقبل کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ “یوم پاکستان ہمیں قیام پاکستان کے مقاصد اور قومی یکجہتی کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔”
چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے کہا کہ “یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے۔ ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت اور ایمانداری سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔”
آفتاب وڑائچ نے کہا کہ “نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے اور ہمیں انہیں پاکستان کے روشن کل کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ یوم پاکستان ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور قربانی ہی کامیابی کی کنجی ہے۔”
ڈاکٹر ہارون الرشید نے کہا کہ “پاکستان سے پیار کیجیے، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔ پاکستان ہم سب کا پیارا وطن ہے اور ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔”
راجہ عاشق حسین نے کہا کہ “پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ یوم پاکستان ہمیں ایک قوم بننے اور باہمی محبت و یگانگت کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان دینا ہے۔”
تقریب کے نقابت کے فرائض ثاقب نثار نے احسن انداز میں سرانجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ یوم پاکستان کی یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے لیے قومی جذبے کو تازہ کرنے کا موقع بنی، جہاں وطن کی محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔