
اردو ٹریبون (رپورٹ محمد عامر صدیق ویانا اسٹریا) پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک عظیم الشان علمی و فکری آن لائن محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے عہدیداران و ممبران اوردنیا بھر سے مذہبی اسکالرز، سیاسی جماعتوں اور فورمز کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت چیئرمین پاک میڈیا جرنلسٹ فورم چوہدری نور الحسن گجر نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے انجام دیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور معروف اسلامی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قرآن کی تعلیمات اور معاشرتی ذمہ داریوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک قرآن مجید اور اللہ کی تعلیمات کو سمجھنے کے لیے بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں انسان اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے اور جلد نتائج حاصل کر سکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی امت میں پیدا فرمایا اور رمضان المبارک جیسی سعادت نصیب کی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس بابرکت مہینے میں عبادات، قرآن فہمی اور دین کے طریقے پر عمل کریں تاکہ نیکیوں کا حصول ممکن ہو سکے۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے امتِ مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔