
یونان میں یورپ کی سب سے بڑی امام بارگاہ میں نواسہ رسول جگر گوشہ علی و بتول حضرت امام حسن (ع) کا یوم ولادت 15رمضان المبارک کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر روایتی سبز افطار دسترخوان بھی سجایا گیا۔
ایتھنز سے خالد مغل
یونانی دارالحکومت ایتھنز میں یورپ کی سب سے بڑی امام بارگاہ عزا خانہ یا صاحب الزماں کامینیا میں ظہورِ پُرنور نواسہ رسولﷺ جگر گوشہء علیؑ و بتولؑ شہزادہ صلح و امن حضرت امام حسن ؑ نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا۔
آپ 15رمضان المبارک کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے رسولِ خدا ﷺ نے آپ کا نام حسن رکھا۔ آنحضور کی ایک مشہور ترین حدیث کے مطابق آپ جنت میں نوجوانوں کے سردار ہیں۔
محفل میں ذاکرین، علماء کرام اور خطیب حضرات نے سیرت حضرت امام حسن (ع) پر تفصیلی روشنی ڈالی اور محفلِ نعت خوانی نے سما باندھ دیا۔
خواتین کیلئے پردہ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا جس کے بعد خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے محفل میں شرکت کی۔
اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا اورایک وسیع روایتی سبز افطار دسترخوان کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں یونان میں بسنے والے مختلف طبقہِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور ایک بہترین اتحاد بین المسلمین دیکھنے میں آیا۔ سنی اور شیعہ ایک ساتھ باجماعت صف بستہ ہو کر نمازِ مغرب ادا کرتے دکھائی دیئے۔
محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ اور بلخصوص اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔
تقریب کے اختتام پر امام بارگاہ عزا خانہ یا صاحب الزماں کے خادمین نے شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔