
اردو ٹریبون (مالٹا) یورپین کرکٹ سیریز میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے بزنس مین خرم خان کے زیر سرپرستی سوئی یونائیٹڈ کرکٹ کلب نے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہمروَن کرکٹ کلب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مالٹا میں کھیلے گئے فائنل میں ہمروَن کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 117 رنز بنائے، جس کے جواب میں سوئی یونائیٹڈ نے صرف سات اوورز میں ہدف حاصل کر کے فتح حاصل کی۔
مہبوب علی، محمد قاسم اور محمد عارف کی عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا، جبکہ مہبوب علی کی غیر معمولی کارکردگی نے انہیں “مین آف دی سیریز” کا اعزاز دلایا۔ محمد اجمل اور وسیم عباس کی شاندار بولنگ نے بھی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فتح کے بعد سوئی یونائیٹڈ کرکٹ کلب کے چیئرمین خرم خان نے کہا “یہ کامیابی اللہ کے فضل سے ممکن ہوئی۔ پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے یورپین کرکٹ سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔”*
یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس سے ملک کے نوجوان کرکٹرز کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔