پاکستان: خیبر پختونخوا کے عدالتی افسران کی ثالثی پر تربیت

اردو ٹریبون (پشاور،پاکستان) انٹرنیشنل میڈيیشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) نے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں خیبر پختونخوا کے عدالتی افسران کے لیے ایک روزہ خصوصی ثالثی تربیت کا کامیاب انعقاد کیا۔

اس تربیتی پروگرام کا مقصد جوڈیشل آفسران کی متبادل تنازعات کے حل کے طریقوں میں مہارت بڑھانا تھا۔ اس موقع پر ثالثی کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی، خاص طور پر تجارتی اور دیوانی مقدمات کے فوری حل میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ اس شعبے کے معروف ماہرین نے بہترین عملی طریقوں، قانونی فریم ورک اور بین الاقوامی ثالثی معیارات پر قیمتی رہنمائی فراہم کی۔

تربیت کی اختتامی تقریب میں پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرار، جناب اختیار خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف اور IMAC کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں اس ٹریننگ کا انعقاد ایک خوش آئندہ بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تربیتی پروگرام میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے عدالتی افسران کو منتخب کیا گیا تاکہ ثالثی کی افادیت کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت قانون و انصاف کی سینئر کنسلٹنٹ، محترمہ عائشہ رسول نے کہا کہ وزارت ثالثی اور میڈيیشن کو ادارہ جاتی طور پر فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ ایک زیادہ مؤثر اور قابل رسائی عدالتی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل نے عدالتی افسران کو ثالثی مقدمات کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

شرکاء نے اس اقدام کو خیبر پختونخوا میں ایک مؤثر اور قابل رسائی عدالتی نظام کے قیام کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ ثالثی کے فروغ سے تنازعات کے حل کے لیے ایک مؤثر اور تیز تر راستہ مہیا ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں