یونان: موسالینی کو یونانی وزیرِ اعظم کا تاریخی جواب “اوخی” آج 28 اکتوبر “اوخی ڈے” میں تبدیل ہو گیا

ایتھنز (خالد مغل) یونان بھر میں 28 اکتوبر (اوخی ڈے) کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن کو یونانی دوسری عالمی جنگِ عظیم 1940 کی یاد میں ہر سال مناتے ہیں،  جب یونان میں مقیم اطالوی سفیر ایمانوئیل گرازی نے اس وقت کے اطالوی وزیرِ اعظم بینیتو موسیٰ لینی کا الٹیمیٹ یونانی وزیرِ اعظم یانیس میتاکسا کو رات 3 بجے دیا تھا کہ ملک یونان کو بغیر کسی جنگ کے اطالوی افواج کے حوالے کر دیا جائے۔

اس الٹیمیٹم کے جواب میں یونانی وزیرِاعظم یانیس میتاکسا نے تاریخی الفاظ “اوخی”  کہے  یعنی “نہیں” کا جواب دیا تھا۔ جس کے بعد صبح 5  بجے اطالوی افواج البانیہ کی سمت سے  یونانی سر زمیں پر حملہ آور ہوئی۔

اس طرح سے اٹلی اور یونان کے مابین “گریکو اٹالین” جنگ کا آغاز ہوا تھا اور یونان بھی دوسری عالمی جنگِ عظیم کا حصہ بن گیا تھا۔

اس دن کو یونانی ہر سال 28  اکتوبر کو بطور  “اوخی ڈے”  کے نام سے مناتے ہیں، اپنے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنے ملک سے تجدیدِ عہدِ وفا و محبت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔

اس دن کو ملک بھر میں سرکاری چھٹی ہوتی ہے، ایتھنز میں یونانی پارلیمنٹ اور تھاسالونیکی میں شاندار پریڈ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے جس میں اسکولوں کے طلبا پریڈ کرتے ہیں۔

گلی محلوں کو یونانی پرچم کی جھنڈیوں سے سجایا جاتا ہے، پورے یونان میں سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں اور گھروں پر یونانی پرچم لہرائے جاتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں