یونان : صحافی برادری کے زیرِ اہتمام یوم دفاع و شہداء پاکستان 6 ستمبر کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

یونان میں وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے آج یوم دفاع و شہدا پاکستان 6 ستمبر کا دن بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یونان سے خالد مغل کی رپورٹ

ایتھنز کے مقامی ریسٹورانٹ میں پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن یونان کے زیرِ اہتمام 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یونان کی صحافی برادری کے علاوہ مذہبی اور پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کے ساتھ کیا گیا اور نقابت کے فرائض ابراہیم فیض نے سر انجام دیئے۔

تقریب میں صدر پاکستان جرنلسٹس کلب رجسٹرڈ یونان میاں وقار احمد لادیاں کے چچا زاد بھائی کیلئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔

یونان میں پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر میاں صفدر جاوید نے کہا یہ دن 1965ءکی جنگ میں افواجِ پاکستان کی جرات، قربانیوں اور بہادری کی یاد میں پوری دنیا میں اس دن کو بطور ایک قوم کے منایا جاتا ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ وطنِ عزیز کیلئے آج بھی کسی قسم کی قربانی دینے سے بالکل دریغ نہیں کرے گا۔

یونان میں سینیئر صحافی و سابق صدر پاکستان جرنلسٹس کلب (رجسٹرڈ) یونان اور یورپی ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس گلوبل کے سیکرٹری انفارمیشن خالد مغل نے کہا 6 ستمبر صرف یومِ دفاع ہی نہیں بلکہ یومِ شہدا بھی ہے ۔ ہمارے آج کیلئے جن لوگوں نے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کئے انہیں ہم خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ، ہم کسی طور بھی انہیں بھلا نہیں سکتے اور آج بھی ہمیں دشمن پاکستانی افواج سے دس قدم آگے پائے گا۔ دشمن چاہے جتنا بھی پاکستان اور پاکستانی افواج کیخلاف پروپاگنڈا کر لے مگر وہ کبھی بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو پائے گا۔ غازی ایم ایم عالم نے میدانِ جنگ میں  1  منٹ کے اندر دشمن کے 5  لڑاکا طیارے تباہ کر کے نہ صرف دشمن کے غرور کو آسمان سے زمیں بوس کیا بلکہ دنیا میں ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا جو رہتی دنیا تک کوئی نہیں توڑ سکتا۔

معروف سینئر صحافی ظفر ساہی نے کہا کہ آج کا دن دنیا کو پیگام دینے کیلئے سنہرے حروف کے ساتھ لکھا جا چکا ہے کہ ہم سے کئی گنا بڑا دشمن جس نے رات کے اندھیرے میں بزدلی کے ساتھ بغیر کسی اطلاع کے ہم پر حملہ کیا، مگر ہماری بہادر غیور قوم نے دشمن کے عزائم کو مٹی میں روندھ دیا اور افواجِ پاکستان نے بہادری کے ساتھ دشمن پر فتح پائی۔ پاکستانی دنیا میں کہیں بھی ہو وہ اپنی مٹی سے پیار اور وطن کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے  کیلئے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔

پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن یونان کے جنرل سیکریٹری مرزا رفاقت حسین نے کہا 1965 کی جنگ دنیا میں سب سے بڑی ٹینکوں کی ہونے والی جنگ ہے اور میں ان ماوں کے لعل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے منٹوں میں دشمن کو ایسا سبق سیکھایا جس سے آج تک وہ سنمبھل نہ سکا اور رہتی دنیا تک اس سبق کو نہیں بھولے گا۔ انشا اللہ تمام پاکستانی صف بستہ ہوکر افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

شرکا نے 1965 کی جنگ کے غازی ایم ایم عالم کو بھی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتے ہوئے انہیں بہترین خراِجِ تحسین پیش کیا اور ان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

باقر چغتائی اور ابراہیم فیض نے ربیع الاول کی مناسبت سے آقا دو جہاں ﷺ کی عقیدتوں کے گل نچھاور کئے اور یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے قومی ملی نغمے بھی پیش کئے ۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان جرنلسٹس ایسوسی ایشن یونان کے صدر میاں صفدر جاوید نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں