یونان میں عاشقانِ رسول ﷺ کا ماہِ ربیع الاول کا شاندار طریقے سے استقبال، منہاج القران انٹرنیشنل ماہِ ربیع الاول میں 63 محافل کا انعقاد کرے گی۔ ارسلان خرم چیمہ
ایتھنز (خالد مغل) منہاج القران انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام منہاج اسلامک سینٹر (ریہندی) ایتھنز میں استقبال ماہِ ربیع الاول کے سلسلے میں ایک روح پرور محفل نعت رسول مقبولﷺ کا انقعاد کیا گیا اور بھرپور طریقے سے ماہِ ربیع الاول کا استقبال کیا گیا۔
اس محفل میں یونان بھر سے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ عاشقان رسولﷺ اور ثنا خوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
محفل کا باقائدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ محمد عدیل نے حاصل کی جس کے بعد ثنا خوانوں نے آقاﷺ کی شان میں مدحت پڑھ کے سماء باندھ دیا۔
یونان میں منہاج القران انٹرنیشنل کے صدر ارسلان خرم چیمہ نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی آج کے دن منہاج القران یونان بھر کے تمام مراکز میں استقبالِ ماہِ ربیع الاول کے سلسلہ میں محافل جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم آقاﷺ کی ظاہری حیات مبارکہ کی مناسبت سے ماہِ ربیع الاول میں یونان کے مختلف شہروں میں تریسٹھ محافل کا انقاد کریں گے جس میں خطابات کے لئے پاکستان، برطانیہ اور یورپ بھر سے مختلف مذہبی سکالرز شرکت کریں گے۔
حافظ محمد نواز ہزاروی نے محفل کے اختتام پر تمام امت مسلمہ کی سربلندی، دین متین کی سرفرازی کے ساتھ ساتھ ملک پاکستان میں امن و سلامتی اور یونان کیلئے بھی خصوصی طور پر دعائیں مانگیں۔
تقریب میں آنے والے شرکاء کیلئے بہترین ضیافتِ میلادﷺ کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔