یونان میں 29 سالہ بیٹے اور بھائی کی موت کا غم دو مزید جانیں لے گیا
ایتھنز (خالد مغل) گزشتہ دنوں یونان میں انتقال کر جانے والے اوورسیز پاکستانی شعیب نذیر کی نمازِ جنازہ ایتھنز کی مسجد سفینہ پنج تن پاک میں ادا کرنے کے بعد میت کو پاکستان روانہ کر دیا گیا۔
اُردو ٹربیون سے بات کرتے ہوئے گجرات ویلفیئر سوسائٹی یونان کے صدر محمود بٹ نے بتایا کہ میت کو یونان سے پاکستان بھیجنے کے تمام اخراجات مرحوم کے ماموں ذولفقار نے ادا کئے جو کہ یونان کے لاریسا شہر میں مقیم ہیں جبکہ بقیہ تمام اقدامات محمود بٹ صدر گجرات ویلفیئر سوسائٹی یونان نے نبھائے۔
29 سالہ شعیب نذیر کا تعلق پاکستان کے شہر منڈی بہاوالدین سے تھا جوکہ گزشتہ 15 برسوں سے یونان میں مقیم تھا۔
گزشتہ چھ ماہ قبل شعیب نذیر کے سر کا آپریشن ہوا تھا اور گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے وہ یونان کے شہر لاریسا میں کومہ کی حالت میں تھا۔
ایک ماہ قبل پاکستان میں شعیب نذیر کی علالت کی خبر موصول ہونے کے بعد ان کے والد بیٹے کی علالت کا صدرمہ برداشت نہ کرتے ہوئے انتقال کر گئے تھے۔ اور جب چند روز قبل شعیب نزیر کے بھائی کو پاکستان میں ان کے انتقال کی خبر موصول ہوئی تو وہ اپنے بھائی کی موت کا غم برداشت نہ کر سکے اور انتقال کر گئے۔
جس کے بعد شعیب نذیر اور ان کے بھائی کی نمازِ جنازہ پاکستان میں ان کے آبائی گاوں میں ایک ساتھ ادا کی گئیں۔