پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے محمد زبیر کے انٹرویو کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر نے انٹرویو میں کہا قمر باجوہ نے پی ٹی آئی حکومت گرانے کا کہا، پی ٹی آئی حکومت گرا کر مجرموں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا، سپریم کورٹ محمد زبیر کے انٹرویو کا ازخود نوٹس لے۔
احسن اقبال کے بیان پر رؤف حسن کا کہنا تھا کہ نارووال کے جعلی ارسطونے ایک بیان دیا، جعلی ارسطو نے کہا لوگ کہتےہیں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھاجائے، کیا احسن اقبال کو اس طرح کے بیانات دینے چاہئیں۔ انھوں نے کہا کہ دوست ممالک جعلی حکمرانوں کو کہہ رہے ملک میں سیاسی استحکام لائیں اور یہ لوگ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو 5سال تک قید میں رکھاجائے،اس قسم کے بیانات کی وجہ سے ملک کی صورتحال مزید کشیدہ ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ کل ہمارے احتجاج کے دوران پورے پنجاب میں 144 نافذ تھی، پنجاب حکومت نے کل اپنی نااہلی کا اعتراف کیا، جمہوری ملک میں ایک سیاسی جماعت کو احتجاج سے روکا جاتا ہے۔