فوجی جوان اپنے بچوں کو یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں جان دینے والے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل ایک انتہائی افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ہارون ولیم نے وطن پر جان قربان کی، شہدا نے پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور میں ان قربانی دینے والے سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، مسیحی برادری نے آرمی، ائیر فورس اور بحریہ میں اپنی خدمات پیش کیں، وطن پر قربان ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، لاکھوں کروڑوں لوگوں نے ہجرت کی اور اپنی جان کی قربانی دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے فوجی جوان اپنے بچوں کو یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں، میں افواج پاکستان کے جوانوں اور سپہ سالار کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا ہے کہ تمام لوگوں کو زندگی گزارنے کے مساوی مواقع ملیں گے، ہم سب کو آئین و قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں