یونان سیاحتی جزیرے کریتی پر £422 ملین لاگت سے ملک کا بڑا نیا ہوائی اڈہ تعمیر کرے گا جو ملک اور دیگر یورپین ہوائی اڈوں سے منفرد ہوگا۔
کریتی کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ اگلے بیس سالوں کے لیے جنوب مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں تعمیر ہونے والا واحد ہوائی اڈہ ہوگا اور اس ہوائی اڈے سے علاقے میں 7,500 ملازمتوں کے ساتھ ساتھ مزید 37,000 بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ویب ڈیسک ۔ یونانی جزیرہ کریتی میں واقع نیکوس کازندجاکیس بین الاقوامی ہوائی اڈہ (Nikos Kazantzakis International Airport)، جسے ایراکلئیو بین الاقوامی ہوائی اڈہ (Heraklion International Airport) بھی کہا جاتا ہے 1937 سے مسافروں کی آمدورفت کیلئے اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔
یہ ہوائی اڈہ کریتی جزیرے پر سیاحت کیلئے بڑھتی ہوئی مانگ سے نمٹنے کیلئے ایک نئے بڑے ہوائی اڈے کے تناظر میں تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں ایک اندازے کے مطابق ہر سال تقریباً 80 لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات میسر ہوں گی جس کا 2027 میں افتتاح کر دیا جائے گا۔
لہٰذا اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ کاسٹیلی بین الاقوامی ہوائی اڈہ یونان میں چھٹیاں گزارنے کیلئے آنے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سنبھالنے کے لیے نہایت مددگار ثابت ہوگا۔
اس ہوائی اڈے کے بعد یہ ملک کا دوسرا بڑابین الاقوامی ہوائی اڈہ بن جائے گا جس میں سالانہ تقریباً 18 ملین مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت ہو گی۔
یہ نیا ہوائی اڈہ کریتی جزیرے کے سب سے بڑے شہر ایراکلئیو سے 25 منٹ کی دوری پر واقع ہوگا۔
ایوی ایشن ویب سائٹ، ایئرپورٹ ٹیکنالوجی کے مطابق، نئے سفری مرکز میں ایک بہت بڑی پانچ منزلہ مسافر ٹرمینل عمارت ہوگی اور اس ہوائی اڈے پر B747 اور A330 جیسے ہوائی جہاز 3.2 کلومیٹر (1.9 میل) طویل رن وے پر اتر سکیں گے۔
ہوائی اڈے کے ارد گرد نئی سڑکوں کا ایک جال بھی بچھایا جائے گا جو پورے جزیرے پر دور دراز علاقوں جیسی منازل تک بہترین و جدید ٹرانسپورٹ کے ساتھ روابط میں ایک بہترین سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس منصوبے کے بارے میں دیگر مخصوص تفصیلات بشمول کسی بھی ہوائی اڈے کی خصوصیات اور پرواز کے راستوں کا ابھی تک انکشاف ہونا باقی ہے۔
اس ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام فروری 2020 میں شروع ہوچکا ہے۔
تاہم، تعمیراتی کام کے راستے میں کئی رکاوٹوں کا سامنا رہا، جس میں 35 آثار قدیمہ کے مقامات کی دریافت کے علاوہ پچھلے ہفتے ہوائی اڈے کی تعمیراتی جگہ پر پتھر کی گول عمارت کے کھنڈرات کا پتہ لگایا گیا تھا جس کے بارے میں اُردو ٹریبیون گزشتہ ہفتے معلومات فراہم کر چکا ہے۔
یونانی وزیر ثقافت اور ماہر آثار قدیمہ نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈے کی تعمیر جاری رکھتے ہوئے قدیم ڈھانچے کو محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید ایک بیان میں کہا کہ :
“ہم سب ثقافتی ورثے کی اہمیت اور اہمیت کو سمجھتے ہیں، ہوائی اڈے کے تعمیراتی کام کو جاری رکھتے ہوئے نوادرات کو ان کی قابلیتے کے مطابق تحفظ فراہم کرتے ہوئے انہیں محفوظ کیا جائے گا”۔