یونان میں 4 ہزار سال پرانی پراسرار عمارت دریافت
ایتھنز (خالد مغل) یونان کی وزارتِ ثقافت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس عمارت کو سیاحتی جزیرے کریتی میں ایک پہاڑی کے اوپر دریافت کا گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ بہت دلچسپ دریافت ہے اور یہ عمارت کریتن کی مینوسی تہذیب سے تعلق رکھتی ہے۔
یہ تہذیب محلات، آرٹ اور رمزی تحریری نظام کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔
1800اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلی یہ عمارت اوپر سے گاڑی کے بڑے پہیے کی طرح نظر آتی ہے اور اسے حال ہی میں کھدائی کے دوران دریافت کیا گیا۔
یونان کے کریتی جزیرے پر کاستیلی نامی قصبے کے قریب زیرتعمیر ایک نئے ائیرپورٹ کے لیے ریڈار اسٹیشن کی تعمیر اس مقام پر ہونی تھی جہاں یہ عمارت دریافت ہوئی۔
یہ ائیرپورٹ 2027 میں کھولا جائے گا جس کے بعد یہ یونان کا دوسرا بڑا ائیرپورٹ بن جائے گا۔
ماہرین آثار قدیمہ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ پہاڑی کے اوپر موجود اس اسٹرکچر کو کس لئے تعمیر کیا گیا تھا، کیونکہ اس سے پہلے وہاں مینوسی تہذیب کے کوئی آثار دریافت نہیں ہوئے تھے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس عمارت کو مذہبی تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا ہوگا۔
وزارتِ ثقافت کے بیان میں بتایا گیا کہ عمارت کے اندر بڑی تعداد میں جانوروں کی ہڈیاں دریافت کی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اسے مختلف تقاریب کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ عمارت کا حجم، تعمیراتی انداز اور دیگر پہلوؤں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس تعمیر کے لیے کافی بڑی تعداد میں مزدوروں کی ضرورت پڑی ہوگی اور اپنے عہد میں پورے علاقے میں نمایاں نظر آتی ہوگی۔
وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ یہ عمارت 2 ہزار سے 1700 قبل مسیح میں استعمال کی جاتی ہوگی۔