غزہ: اسرائیلی بمباری سے یرغمالیوں سے رابطہ منقطع، غزہ میں مزید 41 فلسطینی شہید

اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

 فلسطینی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں دو یرغمالیوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جس سے ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی غزہ میں 24 گھنٹوں کے لیے حملے روکے جائیں تاکہ یرغمالیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

مزاحمتی تنظیم کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں سے رابطے کا ختم ہونا اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور شدید بمباری کا نتیجہ ہے۔

ادھر غزہ پر اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملے جاری ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی افواج نے نصیرات پناہ گزین کیمپ سمیت کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید 41 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ خان یونس میں ایک ڈھائی ماہ کا بچہ بھوک اور علاج نہ ملنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بمباری کے باعث رہائشی مکانات تباہ ہورہے ہیں اور طبی ٹیموں کے لیے زخمیوں تک پہنچنا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنا نہایت دشوار ہوگیا ہے۔

وزارت صحت غزہ کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 66 ہزار فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں