بیرن: رمضان المبارک کا مقدس مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے رحمتوں اور برکتوں کا پیغام لاتا ہے۔ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی بھی اپنی ثقافت اور مذہبی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اجتماعی افطار تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر بیرن کے نواحی علاقے میں ایسی ہی ایک خوبصورت تقریب رانا شہزاد رفاقت نے منعقد کروائی، جہاں پاکستانی کمیونٹی نے مل کر افطار کیا

اردو ٹریبون (شاہد امیر گورائیہ) بیرن کے نواحی علاقے میں واقع گیسٹ ہاؤس ‘لیونے’ میں ہونے والی اس تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس نے محفل کو ایک روحانی رنگ دے دیا۔

تقریب میں رمضان المبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی، جہاں شرکاء نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان رانا شہزاد رفاقت نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی کمیونٹی ایک خاندان کی طرح مل بیٹھے، اپنی روایات کو برقرار رکھے اور رمضان کی برکتوں کو اکٹھے محسوس کرے۔ یہ تقریب اسی جذبے کے تحت منعقد کی گئی-
تقریب کے شرکاء نے میزبان رانا شہزاد رفاقت اور تقریب کی انتظامیہ چوہدری عارف گھمن ۔چوہدری عنصر گھمن ، فہیم شہزاد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا شرکاء نے پرلطف کھانوں کی تعریف کی اور ایک ساتھ مل بیٹھنے کے اس موقع کو خوب سراہا۔ کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات انہیں اپنے وطن سے جوڑے رکھتی ہیں اور ان میں ایک دوسرے کے قریب آنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں