ایشیا کپ کی اصل ٹرافی نہ ملنے پر بھارتی کھلاڑی فرضی تصاویر شیئر کرنے لگے

اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

ایشیا کپ فائنل میں ہٹ دھرمی کے باعث بھارتی ٹیم کو اصل ٹرافی نہ مل سکی، جس کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر فرضی تصاویر پوسٹ کرنا شروع کر دیں۔

بھارتی کرکٹرز ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے اپنی ایک پوسٹ میں ٹرافی کے ساتھ کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کی، حالانکہ دبئی میں کھیلے گئے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم کو اصل ٹرافی دی ہی نہیں گئی تھی۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا، جس پر تقریب ٹرافی دیے بغیر ہی ختم کر دی گئی۔ بھارتی کھلاڑیوں کو نہ تو میڈلز ملے اور نہ ہی چیمپئنز کا بورڈ دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نے بھارتی کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب اصل ٹرافی ملی ہی نہیں تو ایڈیٹ شدہ تصاویر شیئر کرنے کا مقصد کیا ہے؟

واضح رہے کہ فائنل کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادوو نے پریس کانفرنس میں خود اعتراف کیا تھا کہ ’’میں نے اپنے کیریئر میں کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی نہ دی جائے‘‘۔ اس کے باوجود بھارتی ٹیم اپنی ہٹ دھرمی سے پیچھے نہ ہٹی اور اب فرضی تصویروں سے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں