انڈونیشیا کا غزہ میں 20 ہزار امن فوجی بھیجنے کا اعلان
اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
انڈونیشیا نے غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے 20 ہزار سے زائد امن فوجی بھیجنے کی پیشکش کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے کہا کہ انڈونیشیا ہمیشہ عالمی امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے اور اگر سلامتی کونسل یا جنرل اسمبلی فیصلہ کرتی ہے تو انڈونیشیا اپنے فوجی اہلکار کسی ہچکچاہٹ کے بغیر بھیجے گا۔
صدر انڈونیشیا نے دوریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، تاہم اسرائیل کو بھی سلامتی کی یقین دہانیاں فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ حقیقی امن قائم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا غزہ سمیت دنیا کے کسی بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ امریکا چاہتا ہے عرب اور مسلم ممالک غزہ میں فوج بھیجنے اور تعمیرِ نو کے عمل میں مالی تعاون پر آمادہ ہوں تاکہ اسرائیل کو انخلا کا موقع مل سکے۔