اردو (رپورٹ محمد عامر صدیق) منہاج القران انٹرنیشنل آسٹریا ویانا کی جانب سے سالانہ عظیم الشان “جشنِ عید میلاد النبی ﷺ” کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔

اس جشنِ عید میلاد النبی ﷺ” کی محفل کے مہمان خصوصی عالمِ اسلام کی نامور شخصیت، خطیبِ یورپ، خطیبِ اعظم، حافظ محمد نذیر احمد خان تھے۔اس موقع پر آسٹریا بھر کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد اس محفل میں موجود تھی۔

 

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ محفل میلاد میں نقابت کے فرائض منہاج القرآن آسٹریا کے صدر حفیظ اللہ قادری نے سر انجام دیئے۔
معروف نعت خواں حضرات نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ ان میں یورپ کے معروف نعت خوان غلام مصطفی نعیمی، شہریار خان،حاجی اکبر افتاب سیفی اور دیگر نعت خوانان شامل تھے۔

اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی عالمِ اسلام کی نامور شخصیت، خطیبِ یورپ، خطیبِ اعظم، حافظ محمد نذیر احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں منہاج القران انٹرنیشنل آسٹریا کو محفل میلاد کا انعقاد کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں انہوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور عبادت کے حوالے سے قرآن اور حدیث کی روشنی میں بڑی تفصیلی بیان کیا۔ انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور میلاد منانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔

اس موقع پر سب نے مل کر کیک بھی کاٹا۔ آخر میں صدر منہاج القران انٹرنیشنل اسٹریا حفیظ اللہ قادری نے تمام مہمانوں کا محفل میلاد میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

حافظ محمد نذیر احمد خان نے اجتماعی دعا کراتے ہوئے پاکستان کی ترقی سلامتی اور حاضرین کیلئے خصوصی دعا کی۔ محفل میلاد کے اختتام پر حاضرین کو نیاز اور لنگر تقسیم کیا گیا۔