اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
نیوزی لینڈ، جرمنی اور سپین سمیت اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں افراد نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہزاروں افراد نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے مارچ کیا اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غزہ میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے عالمی برادری سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی کہا۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں نکالی گئی ریلی میں مظاہرین نے غزہ میں جاری نسل کشی روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
سپین میں سائیکلنگ ریس کے دوران فلسطین کے حامی مظاہرین نے اسرائیلی ٹیم کی شرکت پر احتجاج کیا اور اسرائیل کے بائیکاٹ کے نعرے لگائے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اسرائیل کے اپنے دارالحکومت تل ابیب میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے بینرز اٹھائے جن پر لکھا تھا “نیتن یاہو، صدر ٹرمپ کو دھوکا دینا بند کرو”۔ یہ احتجاج اس بات کا اظہار تھا کہ اسرائیلی عوام کی ایک بڑی تعداد بھی غزہ میں جاری جنگ سے نالاں ہے اور امن چاہتی ہے۔
یہ مظاہرے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کی نشاندہی کرتے ہیں جو غزہ میں انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے فوری کارروائی کا تقاضا کر رہے ہیں۔