اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
حالیہ بارشوں کے بعد ملیر ندی میں طغیانی کے باعث بہہ جانے والی کورنگی کازوے کی سڑک پر پانی تو اتر گیا ہے تاہم متعدد مقامات پر شدید ٹوٹ پھوٹ کے باعث یہ اہم شاہراہ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کازوے کی سڑک بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مرمت مکمل ہونے تک اسے کھولنا ممکن نہیں۔ اس بندش کے باعث کورنگی سے شہر کی جانب جانے والا ٹریفک متبادل راستے یعنی جام صادق پل کی طرف موڑا جا رہا ہے، جہاں ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک اپ ڈیٹس پر عمل کریں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے اعلان کیا ہے کہ بارشوں کے باعث تباہ حال سڑکوں کی مرمت کا کام 14 ستمبر سے شروع ہوگا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ڈی جی ٹیکنیکل سروسز کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 106 سڑکوں کی مرمت کو ترجیح دی جائے گی اور جو ٹھیکیدار معیاری کام نہیں کریں گے انہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا۔