اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر مرادآباد میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 23 سالہ ماں نے اپنے 15 دن کے شیرخوار بچے کو فریج میں ڈال دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جبار کالونی میں پیش آیا، خاتون بچے کے مسلسل رونے اور جاگنے سے تنگ آ کر اسے کچن کے فریج میں رکھ کر خود کمرے میں جا کر سو گئی۔
کچھ دیر بعد بچے کے چیخنے کی آواز پر دادی کی آنکھ کھلی اور اس نے فوری طور پر بچے کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ بچہ اب خطرے سے باہر ہے۔ اہل خانہ نے جب ماں سے اس حرکت کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ ’’بچہ سو نہیں رہا تھا اس لیے میں نے اسے فریج میں رکھ دیا۔‘‘
بعد ازاں ماں کے نفسیاتی معائنے میں انکشاف ہوا کہ وہ پوسٹ پارٹم ڈپریشن میں مبتلا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری نومولود کی پیدائش کے بعد ماؤں کو متاثر کرتی ہے اور ان کے رویے اور سوچ میں شدید تبدیلیاں پیدا کر کے روزمرہ زندگی اور بچے کی دیکھ بھال پر اثر ڈالتی ہے۔