اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

اسرائیلی فوج نے غزہ میں زمینی آپریشن کی تیاری تیز کرتے ہوئے سرحدی علاقوں پر تازہ کمک پہنچا دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی اور ٹینک سرحد کے قریب تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ مسلسل گشت بھی جاری ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں غزہ پر نئے فوجی آپریشن کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تازہ فضائی کارروائیوں میں مزید 64 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں امداد کے منتظر 13 شہری بھی شامل تھے۔ 

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں قحط اور خوراک کی شدید قلت برقرار ہے۔ بھوک کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد قحط سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 303 تک جا پہنچی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق غزہ میں صحت کی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں، ہزاروں افراد زخمی حالت میں امداد کے منتظر ہیں جبکہ اشیائے خورونوش کی ترسیل تقریباً مکمل طور پر بند ہے۔