اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے بالائی و وسطی حصوں میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں 23 سے 27 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 سے 27 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پنجاب کے مختلف اضلاع، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بھی 27 سے 29 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران احتیاط کریں اور بارشوں کے دوران موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔