اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں یہودی عبادت گاہ کے باہر ہونے والے خونی حملے کے ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور 35 سالہ جہاد الشامعی تھا جو برطانوی شہریت رکھتا تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق شام سے بتایا جا رہا ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب یہودیوں کا مذہبی تہوار یوم کپور منایا جا رہا تھا۔ حملہ آور نے پہلے گاڑی راہگیروں پر چڑھا دی اور بعد ازاں ایک سکیورٹی گارڈ پر چاقو سے وار کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم بھی مارا گیا۔

پولیس کے مطابق مجموعی طور پر تین افراد ہلاک ہوئے جن میں حملہ آور بھی شامل ہے، جبکہ تین افراد زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی  ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  پولیس نے عبادت گاہ کی حدود میں ایک شخص کو گولی ماری، جبکہ ایک دوسرا شخص خون میں لت پت زمین پر پڑا ہوا دکھائی دیا۔

پولیس نے اس واقعے کو دہشت گردی کا حملہ قرار دیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔