اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)

غزہ کے لیے امدادی سامان اور ادویات لے کر روانہ گلوبل صمود فلوٹیلا اسرائیلی بحریہ کے نشانے پر آ گیا ہے۔ قافلے میں شریک پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج رات اسرائیل کی جانب سے فلوٹیلا پر حملے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی جہاز قریب آ گئے ہیں اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر سب نے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میرا فون جام کر سکتا ہے لیکن غزہ کی طرف ہمارا سفر نہیں روک سکتا۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے اپنا موبائل فون سمندر میں پھینک دیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ چاہے ہم مچھلیوں کی خوراک بن جائیں یا اسرائیلی ڈرون کا نشانہ، مگر سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ غزہ نہیں جا سکتے تو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے باہر پرامن احتجاج کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق فلوٹیلا میں تقریباً 50 کشتیوں پر سیکڑوں افراد شریک ہیں، جو اگلے تین دن میں غزہ پہنچ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل اس سے پہلے بھی امدادی کشتیوں “میڈلین” اور “حنظلہ” کو روک چکا ہے۔