لاہور — پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت راجہ کلیم اللہ لندن اور ترکی کا 15 روزہ کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے دونوں ممالک میں مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
لندن میں، راجہ کلیم اللہ نے پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔ لندن میں مقیم معروف سماجی و کاروباری شخصیت حافظ طارق عزیز نے ان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔ اس موقع پر حافظ طارق عزیز نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے بلکہ زرمبادلہ پاکستان بھجوا کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دورے کے دوران راجہ کلیم اللہ نے لندن اور ترکی کے مشہور سیاحتی مقامات کا دورہ کیا، خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوئے اور دونوں ممالک کے روایتی کھانے بھی چکھے، جنہیں انہوں نے ’’یادگار ذائقے‘‘ قرار دیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے سینئر صحافی عمر اسلم اور وسیم مرزا موجود تھے۔ راجہ کلیم اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کا یہ دورہ کاروباری تعلقات کے فروغ اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اطلاعات کے مطابق، راجہ کلیم اللہ بہت جلد لاہور میں ایک عشائیے کا اہتمام کریں گے، جس میں وہ اپنے دورے کی مکمل تفصیلات اور حاصل کردہ کامیابیوں سے آگاہ کریں گے