اردو ٹریبیون (لاہور ڈیسک)
ایشیا کپ فائنل سے قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ اور ٹیم کی ہٹ دھرمی کھل کر سامنے آ گئی۔ روایت کے مطابق دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرنا تھا، لیکن بھارتی کپتان سوریا کمار یادوو شریک نہ ہوئے، جس کے باعث پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے اکیلے فوٹو شوٹ کروایا۔ اس سے قبل بھی بھارتی کپتان دو میچز میں ٹاس کے بعد مصافحہ سے گریز کر چکے تھے۔
فائنل میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ اپنے نام کیا، لیکن جیت کے باوجود بھارتی ٹیم نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ نتیجتاً انعامی تقریب ٹرافی دیے بغیر ہی ختم کر دی گئی۔
ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی فیس ایک اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 7 مئی کو بھارتی حملے میں شہید ہونے والے بچوں اور شہریوں کے نام کر دی۔ پی سی بی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ’’ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ 7 مئی کو بھارت کے میزائل حملے میں کئی پاکستانی شہید ہوئے تھے، تاہم پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کے 7 طیارے مار گرائے اور متعدد ائیربیس تباہ کر دیے۔ بعد ازاں امریکی صدر کی مداخلت پر سیز فائر عمل میں آیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ایک بڑی اسپورٹس تقریب میں کھیل کو جنگی بیانیے سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کے باوجود پاکستان نے امن اور قربانیوں کو یادگار بنانے کا پیغام دیا۔