اردو ٹریبون (اوسلو) انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ ناروے کے زیر اہتمام اوسلو میں “نوجوان نسل میں منشیات کے تدارک، ذہنی صحت، بہتر نشوونما اور پرورش کے اقدام” کے موضوع پر ایک باوقار اور بھرپور تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کے روح رواں طیب منیر چوہدری نے کی۔

مہمان خصوصی کے طور پر ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان نے تقریب کے شرکاء کو پاکستان کی یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہتر معاشرے کی ترویج میں ایسی صحت مند سرگرمیاں نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔

تقریب میں نوجوان نسل میں منشیات کی روک تھام، ذہنی صحت اور بہتر نشوونما و پرورش کے موضوع پر آگاہی فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹر شازیہ نقوی، ڈاکٹر راجہ خرم اقبال، شازیہ مجوتھی، پاکستان سے معروف شاعر و صحافی عمران رشید یاور، لی یول مکوننن اور سید نعمت علی شاہ بخاری نے خصوصی گفتگو کی۔

اس تقریب میں ناروے میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ انگلینڈ، جرمنی، پولینڈ، ترکی، آذر بائیجان، فلسطین، ساوتھ افریقہ، صومالیہ، ایتھوپیا، ایران اور لاطینی امریکہ سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام کے اشتراک میں لائنز اوسلو، جماعت اہلسنت اوسلو، آر کے ایف ٹرسٹ ناروے اور دیگر سوشل ہیلتھ سے وابستہ سول سوسائیٹی کی تنظیمات نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

یہ تقریبø نوجوان نسل کی فلاح و بہبود اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مثبت اور موثر قدم قرار دی گئی ہے