اردو ٹریبون (انعام الحق سیٹھی) اوسلو — پاکستان یونین ناروے کی جانب سے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں اوسلو میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ناروے اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، اور مذہبی رہنماؤں سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان سے آئے خصوصی مہمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جو اسلامک کلچرل سینٹر ناروے (آلنہ مسجد) کے امام و خطیب مفتی محمد عمران اسجد نے کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستان و ناروے کے لیے خصوصی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سہیل صاحب نے انجام دیے۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان ناروے سعدیہ الطاف قاضی اور ناروے کے وزیر خارجہ اسيپن بارتھ عیدے تھے۔ اس موقع پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال، پارٹی سینٹروم کی سمیعہ ناز، سابق ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، سول جج ندیم انجم، اسسٹنٹ کمشنر محمد اکمل، راجہ عمر، طارق وسیم اشرف بٹ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ سفارت خانہ پاکستان ناروے کے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر محمد فراز بھی موجود تھے۔
تقریب کے آخر میں معروف گلوکارہ ریشماں کی بیٹی روبی ریشماں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ناروے کے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں نے تقریب کی کوریج کی، جن میں جذبہ نیوز گجرات کے ایڈیٹر محمد ابوبکر ادریس سیٹھی بھی شامل تھے