رپورٹ۔ عقیل قادر۔نمائندہ۔دنیا نیوز۔ناروے
پاکستانی فٹبال ٹیم ’بیٹر فیوچر پاکستان‘ کی انڈر 15 ٹیم نے ناروے میں جاری بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ’ناروے کپ 2025‘ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
فائنل میچ میں بیٹر فیوچر پاکستان کا مقابلہ نارویجن ٹیم ‘Gjøvik-Lyn’ سے ہوا۔ سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد پاکستانی ٹیم نے ~2-0 سے کامیابی حاصل کی اور ناروے کپ 2025 کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ کارنامہ اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ ناروے کپ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا فائنل جیتا ہے۔ ٹیم کی اس فتح نے نہ صرف پاکستانی پرچم کو ناروے کی سرزمین پر بلند کیا بلکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی فخر اور خوشی کا باعث بنی۔
بیٹر فیوچر پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ مہارت، ٹیم ورک اور جذبے کا مظاہرہ کیا، جو ان کی انتھک محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔