اردو ٹریبون (اوسلو) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں جاری عالمی یوتھ فٹبال کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی بیٹر فیوچر بوائز انڈر-15 کیٹیگری میں ٹیم نے گروپ اسٹیج میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے تیسرے اور فیصلہ کن گروپ میچ میں پاکستانی ٹیم میزبان کلب کروکیلیو ڈالن کے خلاف 0-5 کی واضح برتری حاصل کرکے گروپ میں سرفہرست آ گئی ۔
میچ کے آغاز ہی میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب احمد علی نے صرف پانچ سیکنڈ کے اندر پہلا گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد محمد موسیٰ نے دو شاندار گول کیے
دوسرے ہاف میں بھی احمد علی کا کھیل پر غلبہ برقرار رہا۔ انہوں نے مزید دو گول اسکور کر کے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
دوسری جانب بیٹر فیوچر کی گرلز نے میدان میں اپنی دھاک بٹھا کر رکھی اور نارویجین کلب ہولمن کے خلاف تین کے مقابلے میں صفر گول سے شاندارفتح کو یقینی بنادیا اور پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کا سب سے یادگار لمحہ دفاعی کھلاڑی “امراہ” کا 20 میٹر دور سے کیا گیا شاندار فری کِک گول تھا، جسے تماشائیوں اور کوچ نے خوب سراہا
انڈر 17 کے مقابلے میں اسٹریٹ چائلڈ نے سوندانے کلب کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ ایک ایک گول سے برابر کرکے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے کاشف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے واحد گول کیا اور ٹیم کو میچ میں واپسی دلائی۔
بیٹر فیوچر اور اسٹریٹ چائلڈ کی تینوں ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی کو ماہرین اور شائقین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، اورناک آؤٹ مرحلے میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے عمدہ کھیل کی توقع کی جا رہی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اوسلو میں پاکستانی ٹیموں کے لیے بھرپور سپورٹ حاصل رہی۔