اردو ٹریبون(اوسلو) دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ “ناروے کپ 2025 کا میلہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سج گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے نوجوان فٹبالرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ پاکستان سے اس مرتبہ تین ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہیں، جن میں اسٹریٹ چائلڈ انڈر 17 ٹیم، بیٹر فیوچر بوائز انڈر 15 ٹیم، اور پہلی بار شامل ہونے والی انڈر 15 گرلز ٹیم شامل ہے۔
پاکستان کی جانب سے انڈر 17 کیٹگری میں شرکت کے لیے اسٹریٹ کی اوسلو آمد پر نارویجین پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ کمیونٹی نمائندگان، سماجی کارکنان اور مقامی نوجوانوں نے کھلاڑیوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کھلاڑیوں نے بھی ایونٹ میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیٹر فیوچر بوائز کی انڈر 15 ٹیم نے گزشتہ برس اسی ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ اسٹریٹ چائلڈ دو مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے۔ رواں سال پاکستانی ٹیمیں ایک بار پھر ٹائٹل کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ انڈر 15 گرلز ٹیم کی شرکت پاکستانی یوتھ فٹبال کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔