یونانی وزیر اعظم کا لیبیا سے باہر غیر قانونی تارکین وطن کے جہازوں کی نگرانی کیلئے یونانی بحریہ کے جہاز بھیجنے کا فیصلہ۔
کیریاکوس میچوتاکیس نے پیر کے روز یونانی جمہوریہ کے صدر کوستاس تاسولاس کے ساتھ باقاعدہ ملاقات کے دوران کہا کہ یونان مہاجرین کے بہاؤ کی نگرانی کے لئے “احتیاط کے طور پر” لیبیا کے علاقائی پانیوں سے باہر اپنی بحریہ کے جہاز بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر برائے قومی دفاع اور مسلح افواج کی قیادت سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یونانی بحریہ کے بحری جہاز لیبیا کے علاقائی پانیوں سے باہر بھیجے جائیں، تاکہ احتیاط کے طور پر اور ہمیشہ لیبیا کے حکام اور دیگر یورپی افواج کے ساتھ تعاون میں ہم انسانی اسمگلروں کو یہ واضع پیغام دے سکیں کہ اس کا فیصلہ ہم کریں گے کہ کون یونان میں داخل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں بھی اس معاملے کو اٹھائیں گے۔
یونان میں حال ہی میں تارکین وطن کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، 731 تارکین وطن، جن میں بہت سے خاندان اور بچے شامل ہیں، گزشتہ ہفتے کے آخر میں 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں کریت اور غاودوس پہنچے۔ زیادہ تر تارکین وطن مصر، سوڈان، اریتھیریا اور پاکستان سے آئے تھے، جوکہ لیبیا کے شہر تبروک سے روانہ ہوئے تھے۔ لیبیا کے ساتھ حالیہ سفارتی تناؤ نے نقل مکانی پر تعاون کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔