یونانی جزیرہ خیوس کل رات سے خوفناک آگ کی لپیٹ میں ہے۔ تیز ہواوں کیوجہ سے آگ پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔
یونان سے خالد مغل
کل رات یونان میں ترکیہ کے سرحدی علاقے پر واقع ایک چھوٹے سے جزیرے خیوس کے جنگلات پر خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ یہ جزیرہ غیر قانونی مہاجرین کی آمد اور سیاحت کیلئے بھی کافی مشہور ہے۔
خوفناک آتشزدگی سے زیتون کے باغات، کھیت، گرین ہاؤسز، گھروں اور اہم انفراسٹرکچر میں تباہی پھیل گئی ہے۔
تیز، طوفانی ہوائیں آگ بجھانے کی کوششوں میں شدید رکاوٹیں ڈال رہی ہیں، شعلوں سے رہائشی علاقوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ خوفناک آگ نے 16 بستیوں کو خالی کرنے پر مجبور کر دیا۔
جزیرے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آپریش میں 100 سے زائد فائر فائٹرز کی ایک بڑی فورس، فارسٹ کمانڈوز کے خصوصی یونٹس، 23 آگ بجھانے والی گاڑیاں، 2 ہوائی جہاز، اور 11 ہیلی کاپٹر بشمول ایک کوآرڈینیشن ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔
جبکہ ملک کے دیگر شہروں تھاسالونیکی اور ایتھنز سے بھی آگ بجھانے کیلئے مزید عملے کو بھی طلب کیا جا رہا ہے۔
جزیرہ خیوس کی میونسپلٹی نے جزیرے پر عوام سے رضاکاروں اور فائر فائٹرز کی مدد کے لیے پانی، خوراک اور طبی سامان کے عطیات کے لیے فوری اپیل جاری کی ہے۔
اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
جزیرے پر بے گھر ہونے والے افراد کو رہائش کی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہے۔