دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقوں سمیت یونان کے مختلف علاقے خوفناک آتشزدگی کی لپیٹ میں، ملک بھر میں ہائی الرٹ !

دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقوں سمیت یونان بھر میں 40 سے زائد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، یونان میں انتہائی سخت موسمی انتباہات کے درمیان اتوار کے روز جنگلات میں کئی مقامات پر لگی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے یونان کے دارالحکومت ایتھنز کو ڈھانپ لیا۔

یونان (خالد مغل) اتوار کو ایتھنز سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر مشرقی اتیکا کے علاقے ورناوا (VARNAVA) میں اچانک بھڑکنے والی آگ خوفناک آگ میں تبدیل ہو چکی ہے۔ تیز ہواوں کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے گرد و نواح بلخصوص پندیلیس (PANTELIS) کے جنگلات اور رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

مختلف علاقوں کے مکین رات بھر نہ سو سکے، محکمہ شہری دفاع نے علاقے کے مکینوں کو موبائل فونز پر فائر الرٹ کے ذریعے انخلا کی ہدایت جاری کر دیں۔ پندیلی کے علاقے میں واقع بچوں کے ہسپتال اور ملٹری ہسپتال کو بھی فوری خالی کرا لیا گیا ہے۔

جبکہ آگ کی لپیٹ میں آکر متعدد مکانات جل کر راکھ ہو گئے اور املاک کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔

فائر حکام نے بتایا کہ  اس آگ پر قابو پانے کے لیے 250 فائر فائٹرز کی ایک فورس، آگ بجھانے والی 67 گاڑیاں، 12 فائر فائٹنگ طیارے اور سات ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

فائر بریگیڈ کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ کے کچھ شعلے تو 25 میٹر سے زیادہ بلند تھے۔ اتوار کو دیر گئے فائر سروس نے کہا کہ انہوں نے ایتھنز کے قریب تاریخی قصبے میراتھونا سمیت دیگر کئی قصبوں کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یونان کے متعدد دوسرے علاقوں میں اتوار اور پیر کے روز جنگل میں لگنے والی آگ کے سبب متاثرہ علاقے ہائی الرٹ پر ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  40 میں سے 33 مقامات پر لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں