وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کا عزم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ بل گیٹس وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے رواں سال ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں بل گیٹس کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
وزیر اعظم نے بل گیٹس کو معاشی استحکام کے حصول کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اہم پیش رفت، صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور پولیو کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے گیٹس فاؤنڈیشن کی گراں قدر حمایت کو سراہا۔
بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسینیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ، پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔
بل گیٹس نے ڈیٹا سائنس ٹولز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم وسائل قرار دیا، دونوں شخصیات نے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ تمام صوبوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام پاکستانیوں خصوصاً خواتین کی فلاح و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔