یونان : ایتھنز کے قریب آگ لگنے پر ریسٹورنٹ کا باورچی اور کسان گرفتار

ایتھنز (خالد مغل) شمالی ایتھنز کے پہاڑی جنگلات پارنیتھا کے دامن میں واقع ویری بوبی کے قریب جمعرات کو جنگل میں لگنے والی آگ کے الزام میں ایک ہوٹل کے باورچی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فائر سروس کے آرسن کرائمز یونٹ کے افسران نے اس شخص کو گرفتار کیا، جس پر 3,300 یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور آج صبح جمعہ کو ایتھنز کی عدالت میں بھی پیش کیا۔

جبکہ مشرقی اتیکا، ایتھنز کے نواحی علاقے مارکوپولو میں پیر کی صبح لگنے والی آگ کے الزام میں ایک 77 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس شخص کو مارکوپولو فائر ڈپارٹمنٹ کے تفتیش کاروں نے حراست میں لیا تھا، اس شخص کو اپنی زمین پر فصل کی باقیات میں آگ بھڑکانے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ جس کے بعد اسے قواعد و ضوابط کے مطابق 500 یورو جرمانہ کیا گیا اور اسے قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

آگ بجھانے کے محکمے نے پیدل فائر فائٹر،  ہیلی کاپٹروں اور آگ بجھانے والی گاڑیوں کی مدد سے آگ پر فوری قابو پا لیا تھا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے ان دنوں یونان میں شدید گرم موسم اور تند ہواوں کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑکنے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں اور اس وقت ملک کے کئی علاقے آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

یونان میں موسمیاتی بحران اور شہری تحفظ کے وزیر واسیلیس ککیلیاس نےشہریوں، کسانوں اور زمینی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس انتہائی حساس عرصے کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں