بُھٹو ناروے میں
اوسلو (اردو ٹریبون رپورٹ) ناروے کے پاکستانی نژاد ڈرامہ نگار ٹونی عثمان پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بُھٹو کے متعلق تھیٹر کے لئے نارویجن زبان میں ایک ڈرامے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بُھٹو کی چھیالسویں برسی چار اپریل کے روز اوسلو میں اداکاروں کے لئے آڈیشن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس آڈیشن کے نتیجے میں بُھٹو کے رول کے لئے ناروے کے تجربہ کار اداکار تھورگنی گیرہارد آندیرو کو سائن کر لیا گیا ہے۔ وہ نورڈک انسٹی ٹیوٹ آف اسٹیج اینڈ اسٹوڈیو سے گریجوشن کرنے کے بعد گذشتہ اُنیس سالوں سے ٹیلی ویژن، ریڈیو، فلم اور تھیٹر کے لئے کام کر رہے ہیں۔
ٹونی عثمان نے اردو ٹریبون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تھورگنی بہت اچھے امپرووائزر ہیں اور خود کو مشکل سے مشکل کرداروں میں ڈالنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بُھٹو اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود پاکستان کے سب سے باصلاحیت، ذہین اور قابل سیاست دان تھے اور پاکستان کا ہائبرڈ نظام یہ تقاضہ کرتا ہے کہ بُھٹو کو دوبارہ دریافت کیا جائے تاکہ پاکستان کے موجودہ حالات کو تاریخ کے تناظر میں دیکھا اور سمجھا جاسکے۔
خیال رہے کہ بھٹو کے متعلق یہ سیاسی ، دستاویزی اور اصلاحی ڈرامہ نارویجن زبان میں ایک انٹریکٹو مونولوگ کی شکل میں ہو گا اور اس کا پریمیئر نو اکتوبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہوگا۔ پروگرام کے مطابق اس کے آٹھ شوز ہوں گے۔