
کسی بھی ادارے کے فارغ التحصیل طلبہ اس کا عکس ہوتے ہیں۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ عصر حاضر کے جدید دور میں ٹیکنالوجی کی عدم موجودگی میں ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں،تدریس وتحقیق پر سرمایہ کاری کئے بغیر ہم ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہوسکتے ہیں،عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے ہمیں تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔کسی بھی ادارے کے فارغ التحصیل طلبہ اس کا عکس ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی المنائی ایسوسی ایشن ہوسٹن امریکہ اور انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے باہمی اشتراک سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباوطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے پہلے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کا اہتمام آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں کیا گیا۔ جامعہ کراچی المنائی ایسوسی ایشن ہوسٹن امریکہ کی جانب سے فراہم کئے جانے والے لیپ ٹاپ بدست شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی طلباوطالبات میں تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر محسن علی،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ثمینہ سعید،رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم پروفیسرڈاکٹر زعیمہ اسرارمحی الدین، جامعہ کراچی المنائی ایسوسی ایشن ہوسٹن امریکہ کراچی چیپٹرکے نمائندے ودیگربھی موجودتھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے فارغ التحصیل طلبہ نے یہ محسوس کیا کہ ہمیں اپنی مادرعلمی کے لئے بھی کچھ کرنا چاہیئے جو لائق تحسین ہے اور میں جامعہ کراچی کے المنائی کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔جامعہ کراچی سے ان کے پیار کا یہ عکس یونیورسٹی سے ان کے گہرے لگاؤکی عکاسی کرتا ہے۔ہم جو کچھ بھی ہیں اس ملک اور معاشرے کی بدولت ہیں اور ہر شخص کو اپنی استطاعت کے مطابق معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا اپنا کردار اداکرنا چاہیئے اسی صورت میں ہم ایک فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے اس پورے عمل کو پایہ تکمیل پہنچانے پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہمیں اپنے فارغ التحصیل طلبہ کے انجمنو ں سے جامعہ میں حصہ ڈالنے کے لئے تواترکے ساتھ رابطے کرنے چاہیئے