
یونانی خاتون نے چیٹ جی پی ٹی کے جوابات پڑھ کر شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔
یونانی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق خاتون نے ٹیسوگرافی کے جدید طریقے کار جاننے کےلیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا۔ خیال رہے کہ ٹیسوگرافی کافی یا چائے کے کپ کو پڑھنے کا قدیم فن ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے ٹیسوگرافی کےلیے اپنے شوہر کے کافی کپ کی تصاویر اپ لوڈ کیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ خاتون کی شادی کو 12 سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی نے خاتون پر انکشاف کیا کہ اس کے شوہر کے کپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ (شوہر) کم عمر خاتون جس کا نام ’ای‘ سے شروع ہوتا ہے، کے ساتھ مل کر اسے دھوکا دے رہا ہے۔
بس پھر کیا تھا یہ جاننے کے بعد خاتون نے اپنے وکیل سے رجوع کیا اور طلاق کےلیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔
خاتون کے شوہر نے یہ پورا ماجرا مقامی ٹی وی شو میں آکر بیان کیا اور کہا کہ ابتداً میں اپنی بیوی کے طلاق کے مطالبے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا تھا، کیونکہ اسے وائرل ٹرینڈز میں حصہ لینے کا شوق ہے تاہم اس نے جب بچوں کو بتایا کہ ہماری طلاق ہو رہی ہے اور مجھے اس کے وکیل کی کال موصول ہوئی تو تب میں نے محسوس کیا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے۔